مجھے شادی کیلئے خون سے خطوط لکھے گئے، 1 لڑکا گھر کے باہر بوتھ پر کھڑا رہتا تھا،امریتا رائو

بدھ 24 ستمبر 2025 17:41

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء) بالی ووڈ اداکارہ امریتا راو کو 2006 کی فلم ویواہ کی شاندار کامیابی کے بعد شادی کی بے شمار پیشکشیں ملیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق امریتا راو نے حال ہی میں رنویر الہ آبادیہ سے گفتگو میں بتایا ہے کہ وہ کس طرح فلمی دبائو اور تنہائی کا شکار ہوئیں، حتی کہ شادی سے پہلے وہ شدید جذباتی مشکلات سے گزر رہی تھیں جس کے بعد انہوں نے آر جے انمول سے شادی کی۔

فلم ویواہ کی زبردست کامیابی کے بعد امریتا راو ایک گھریلو خاتون بن کر رہ گئی تھیں، انہیں ان کی سادگی، معصومیت اور آن اسکرین خوبصورتی کے لیے سراہا گیا، تاہم ان کی زندگی ایسے دوراہے سے بھری ہوئی تھی جس کے باعث انہوں نے خود کو جذباتی طور پر تنہا اور تخلیقی طور پر دبا ہوا محسوس کیا۔

(جاری ہے)

رنویر الہ آبادیہ کے ساتھ گفتگو میں امریتا نے بتایا کہ فلم ویواہ کے بعد میرے لیے این آر آئی رشتے آنے لگے، لوگ فیملی فوٹوز کے ساتھ اپنی کار اور کتے کے پاس کھڑے ہو کر لکھتے کہ مجھ سے شادی کر لو اور یہ صرف ایک یا دو نہیں، بہت سارے تھے، میں ہنستی اور سوچتی کہ یہ کیسے لوگ ہیں، کچھ لوگوں نے خطوط بھی بھیجے، حتی کہ ایک بار مجھے خون سے لکھا ہوا خط بھی ملا جو بہت خوفناک تھا، ایک لڑکا تو میرے گھر کے باہر ٹیلیفون بوتھ پر ہی کھڑا رہتا تھا اور پھر میری والدہ یا والد کو اس کا فون اٹھانا پڑتا، یہ سب کچھ بہت زیادہ ہو گیا تھا۔

امریتا راو نے بتایا کہ میں اپنے شوہر آر جے انمول سے اس وقت ملی جب میں اپنی زندگی کے ایک بہت اہم موڑ پر تھی، اس دوران میں اندرونی جنگ اور کیریئر کے ایک نازک مرحلے سے بھی گزر رہی تھی، کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ ہونے اور ناظرین سے حقیقی تعریف حاصل کرنے کے باوجود میں تخلیقی طور پر جمود کا شکار ہو گئی تھی، میں جو فلمیں میں کرنا چاہتی تھی وہ مجھے مل نہیں رہی تھیں، بڑی آفرز آتیں مگر لوگ میری حوصلہ شکنی کرنے کے لیے طرح طرح کی باتیں کہتے تھے اور میں سوچتی کہ میرے پاس ہمیشہ اس طرح کی خامی والی آفرز ہی کیوں آتی ہیں اس دوران میں نہ پارٹیز میں جانا چاہتی تھی، نہ ایوارڈ شوز میں اور نہ کہیں اور دکھائی دینا چاہتی تھی، بس کام کرتی اور گھر آتی تھی، میں بہت اکیلا پن محسوس کرتی تھی۔

7سال تک ڈیٹنگ کے بعد امریتا رائو نے 15 مئی 2016 کو ممبئی میں ایک نجی تقریب میں انمول سود سے شادی کی، اس جوڑے نے یکم نومبر 2020 کو اپنے بیٹے ویر کا استقبال کیا۔2019 کی فلم ٹھاکرے سے مین اسٹریم سنیما سے وقفے کے بعد امریتا راو کی فلم جولی ایل ایل بی 3 کے ساتھ قابلِ ذکر واپسی ہوئی ہے، جو اس فرنچائز کی تیسری قسط ہے۔امریتا نے 2013 کی اس سلسلے کی پہلی فلم جولی ایل ایل بی کی طرح ارشد وارثی کی بیوی سندھیا کا کردار دوبارہ اس نئی فلم میں نبھایا ہے۔