ایران اورجمہوریہ چیک کی ٹیمیں ایف آئی وی بی والی بال مینزورلڈ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل

بدھ 24 ستمبر 2025 11:51

ایران اورجمہوریہ چیک  کی  ٹیمیں ایف آئی وی بی والی بال مینزورلڈ چیمپئن ..
منیلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) ایران اور جمہوریہ چیک کی مردوں کی والی بال ٹیمیں ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق ایران کی ٹیم نے ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں سخت مقابلے کے بعد حریف سربیا کی ٹیم کو شکست دے کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ جمہوریہ چیک کی مینز والی بال ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں حریف تیونس کی ٹیم کو ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فلپائن میں اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے۔ فلپائن کے شہر پاسے کے ایس ایم مال آف ایشیا ایرینامیں کھیلے گئے مینز والی بال ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میچ میں ایران کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف سربیا کی ٹیم کو 2 کے مقابلے میں 3سیٹ سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

ایران کی فتح کا سکور25-23، 19-25، 26-24، 22-25 اور 9-15رہا۔

اسی طرح جمہوریہ چیک کی مینز والی بال ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے میچ میں حریف تیونس کی ٹیم کو باآسانی 0-3 سیٹ سے ہرا کر کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ جمہوریہ چیک کی فتح کا سکور19-25، 18-25 اور 23-25 رہا۔ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں ایران کا مقابلہ جمہوریہ چیک کی ٹیم سے 25 ستمبر کوہوگا۔