Live Updates

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ، ابرار احمد ٹاپ 5 باولرز کی فہرست میں شامل، صاحبزادہ فرحان کی بھی ترقی

فاسٹ بولرز شاہین آفریدی اور حارث رؤف بھی اسٹینڈنگ میں اوپر آگئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 ستمبر 2025 13:50

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ، ابرار احمد ٹاپ 5 باولرز کی فہرست میں شامل، صاحبزادہ ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 ستمبر 2025ء ) پاکستان کے مسٹری سپنر ابرار احمد اور اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹونٹی ایشیا کپ 2025ء میں اپنی شاندار کارکردگی کے بعد تازہ ترین آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی حاصل کرلی۔
آئی سی سی ٹی ٹونٹی آئی بلے بازوں کی درجہ بندی میں صاحبزادہ فرحان، جنہوں نے بھارت کے خلاف حالیہ سپر فور مقابلے میں اہم 58 رنز بنائے تھے، 31 درجے چڑھ کر 589 پوائنٹس کے ساتھ 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

کپتان سلمان علی آغا اور اوپنر فخر زمان بھی تین درجے بہتری کے ساتھ بالترتیب 64 ویں اور 66 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ 
دریں اثناء سینئر جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان ،جنہوں نے آخری مرتبہ 2024ء میں پاکستان کے لیے ٹی ٹونٹی میں حصہ لیا تھا، چارٹ میں مسلسل نیچے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

 

بابر 9 درجے گر کر 35 ویں جبکہ رضوان پانچ درجے گر کر 38 ویں نمبر پر ہیں۔

 
اوپنر صائم ایوب 8 درجے تنزلی کے ساتھ 55 ویں، مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز 11 درجے تنزلی کے ساتھ 58 ویں اور وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 90 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ہندوستان کے ابھیشیک شرما نے نمبر ایک ٹی ٹونٹی بلے باز کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی جس کے بعد انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے جبکہ تلک ورما نے جوس بٹلر کو پیچھے چھوڑ کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

 
بولنگ کے محاذ پر ابرار احمد نے پہلی بار ٹاپ فائیو میں جگہ بنانے کے لیے 12 مقامات کی چھلانگ لگا کر سب سے بڑی سرخیاں بنائیں۔ 
اب وہ 703 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جو ٹاپ تھری کے قریب پہنچ گیا ہے۔ 
تیز گیند باز شاہین آفریدی اور حارث رؤف بھی حالیہ میچوں میں شاندار کارکردگی کے بعد بالترتیب 25ویں اور 28ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

 
تاہم تمام گیند بازوں نے اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔ سپنر سفیان مقیم تین درجے تنزلی کے ساتھ 14 ویں، محمد نواز 13 درجے تنزلی کے ساتھ 46 ویں اور فاسٹ بولر عباس آفریدی تین درجے تنزلی کے ساتھ 44 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ 
ہندوستان کے ورون چکرورتی ٹاپ رینک والے ٹی ٹونٹی بولر ہیں، اس کے بعد نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے اکیل ہوسین تیسرے نمبر پر ہیں۔

 
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں صائم ایوب 201 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ محمد نواز ایک درجہ ترقی کے ساتھ 17 ویں نمبر پر ہیں۔ شاداب خان پانچ درجے تنزلی کے ساتھ 35 ویں جبکہ فہیم اشرف 12 درجے تنزلی کے ساتھ 39 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ 
شاہین آفریدی اور آغا سلمان دونوں بالترتیب 14 اور 11 درجے چڑھ کر 71 ویں نمبر پر ہیں۔ 
آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور سرفہرست ہیں، افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات