اوپن اے آئی ، اوریکل اور سافٹ بینک کاامریکا میں مصنوعی ذہانت کے لیے پانچ نئے ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کا اعلان

بدھ 24 ستمبر 2025 13:05

اوپن اے آئی ، اوریکل  اور سافٹ بینک  کاامریکا میں مصنوعی ذہانت  کے لیے ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) مصنوعی ذہانت کی امریکی کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI)، اوریکل (Oracle) اور سافٹ بینک (SoftBank) نے امریکا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے پانچ نئے ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جو اوپن اے آئی کے انفراسٹرکچر پلیٹ فارم سٹارگیٹ (Stargate) کے تحت تعمیر کیے جائیں گے۔کمپنیوں کے مطابق ان نئے مقامات کے ساتھ، جس میں ٹیکساس کے شہر ایبلین میں مرکزی کیمپس اور کورویو (CoreWeave) کے ساتھ جاری منصوبے شامل ہیں، سٹارگیٹ کی منصوبہ بندی کردہ استعداد 7 گیگاواٹ تک پہنچ جائے گی جبکہ آئندہ تین برسوں میں مجموعی سرمایہ کاری 400 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔

یہ منصوبے کمپنیوں کو اپنے مقررہ ہدف یعنی 2025 کے اختتام تک 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 10 گیگاواٹ کی استعداد تک پہنچنے کے شیڈول سے پہلے ہی آگے لے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق نئے مقامات میں سے تین ٹیکساس کے شیکلفورڈ کاؤنٹی، نیو میکسیکو کے ڈونا انا کاؤنٹی اور مڈویسٹ کے ایک مقام پر ہوں گے جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ایبلین سائٹ کے قریب مزید 600 میگاواٹ صلاحیت شامل کیے جانے کا امکان بھی ہے۔

یہ منصوبے ملک بھر میں 25 ہزار سے زائد براہ راست ملازمتیں اور ہزاروں بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کریں گے جبکہ مزید مقامات پر بھی غور جاری ہے۔دیگر دو مقامات سافٹ بینک اور اوپن اے آئی کی شراکت سے تعمیر کیے جائیں گے جن کی استعداد آئندہ 18 ماہ میں 1.5 گیگاواٹ تک بڑھائی جائے گی، ان میں سے ایک اوہائیو کے لارڈز ٹاؤن میں واقع ہے جہاں جدید ڈیٹا سینٹر کی تعمیر جاری ہے جو اگلے برس فعال ہوگا جبکہ دوسرا ٹیکساس کی میلم کاؤنٹی میں قائم کیا جائے گا جسے ایس بی انرجی تعمیر کرے گی۔

یہ ڈیٹا سینٹرز ترقی کی رفتار بڑھانے، اسکیل ایبلٹی بہتر بنانے اور اخراجات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا مرحلہ ہے، مزید امریکی مقامات کا اعلان اس وقت کیا جائے گا جب 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف مکمل ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :