آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا پابندی کی فہرست میں مزید آن لائن پلیٹ فارمز شامل کیے جانے کا امکان

بدھ 24 ستمبر 2025 13:05

آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا پابندی کی فہرست میں ..
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا پابندی کی فہرست میں مزید آن لائن پلیٹ فارمز شامل کیے جانے کا امکان ہے جن میں واٹس ایپ ، ٹویچ( Twitch)، ریڈ اٹ ( Reddit) اور آن لائن گیمنگ کمپنی روبلوکس(Roblox) بھی شامل ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا میں پہلے ہی فیس بک ،سنیپ چیٹ،ٹک ٹاک اور یو ٹیوب کو اس عالمی نوعیت کی پہلی پابندی میں شامل کیا جا چکا ہے۔

آسٹریلیا کی ای سیفٹی کمشنر جولی انمن گرانٹ نے مزید 16 کمپنیوں کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ خود طے کریں کہ آیا ان کے پلیٹ فارمز پر یہ پابندی لاگو ہونی چاہیے یا نہیں، ان میں Pintrest، Lego Play ، Kick , سٹریمنگ اور گیمنگ پلیٹ فارم سٹریم بھی شامل ہیں۔آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق اگر کمپنیاں سمجھتی ہیں کہ ان کے پلیٹ فارمز کو استثنا ملنا چاہیے تو انہیں اپنا مؤقف پیش کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

گرانٹ نے کہا کہ بعض کیسز بالکل واضح ہیں لیکن ریگولیٹر ہر ایک کو مکمل جانچ پڑتال کا موقع دے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں سب کی بات سننی ہے، ابتدا میں توجہ ان پلیٹ فارمز پر دی جائے گی جن کےیوزر زیادہ ہیں اور جہاں نقصان کا خطرہ زیادہ ہے۔آسٹریلیا دنیا بھر میں انٹرنیٹ نقصان کی روک تھام میں سب سے آگے رہا ہے تاہم موجودہ قانون سازی میں یہ تفصیل موجود نہیں کہ اس پابندی پر عملدرآمد کیسے ہوگا، جس پر ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ صرف علامتی اور ناقابل عمل ثابت ہو سکتی ہے۔

قانون کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں پر عدم تعمیل کی صورت میں 4 کروڑ 95 لاکھ آسٹریلوی ڈالر (32.6 ملین امریکی ڈالر) جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔سوشل میڈیا کمپنیوں نے ان قوانین کو مبہم،مسئلہ خیز اور جلدی میں بنائے گئے قوانین قرار دیا ہے۔