ٹرمپ کی اقوام متحدہ آمد پر ایسکیلیٹر اچانک بند، تقریر کے دوران ٹیلی پرامپٹر نے بھی کام چھوڑدیا

میں نے سات جنگیں ختم کیں، دنیا بھر کے رہنماؤں سے بات کی لیکن اقوام متحدہ سے مجھے صرف دو چیزیں ملیں ایک خراب ایسکیلیٹر اور ایک خراب ٹیلی پرامپٹر؛ امریکی صدر کا شکوہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 ستمبر 2025 12:36

ٹرمپ کی اقوام متحدہ آمد پر ایسکیلیٹر اچانک بند، تقریر کے دوران ٹیلی ..
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2025ء ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اقوام متحدہ آمد پر پہلے ایسکیلیٹر اچانک بند ہوا اور اس کے بعد ان کی تقریر کے دوران ٹیلی پرامپٹر نے بھی کام چھوڑدیا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کی آمد کے دوران ایسکیلیٹر اچانک رک گیا، اس حوالے سے زیر گردش وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی صدر اور خاتونِ اول نے جیسے ہی ایسکیلیٹر پر قدم رکھا تو وہ چلتے چلتے اچانک رک گیا، تاہم خاتونِ اول نے بغیر کسی ناگواری کا اظہار کیے پُرسکون انداز میں سیڑھیاں چڑھنا شروع کردیں۔

وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر خدشہ ظاہر کیا کہ شاید ایسکیلیٹر کو جان بوجھ کر روکا گیا ہے، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ ’اگر اقوام متحدہ کے اندر کسی نے صدر اور خاتونِ اول کے قدم رکھتے ہی جان بوجھ کر ایسکیلیٹر کو روکنے کی کوشش کی تو اس فرد کو فوراً برطرف کرتے ہوئے تفتیش کے دائرہ کار میں لایا جانا چاہیئے‘۔

(جاری ہے)

اس کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے صحافیوں کو بتایا کہ تکنیکی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسکیلیٹر رکنے کی اصل وجہ وائٹ ہاؤس کے ایک ویڈیو گرافر کی غیر ارادی حرکت تھی، جس نے اوپر موجود حفاظتی نظام کو متحرک کردیا، ایسکیلیٹر کے اوپری حصے میں نصب حفاظتی نظام اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ کسی شخص یا چیز کے گیئرنگ میں پھنسنے یا کھینچے جانے سے بچاؤ کیا جا سکے، ویڈیو گرافر کی حرکت سے یہ حفاظتی نظام فعال ہو گیا جس کے باعث ایسکیلیٹر رک گیا۔

ایسکیلیٹر بند ہونے کے بعد ایک اور دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب صدر ٹرمپ کی تقریر کے دوران ٹیلی پرامپٹر نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا، اس پر امریکی صدر نے کہا کہ ’جو بھی اس ٹیلی پرامپٹر کو چلا رہا ہے وہ بڑی مشکل میں ہے، میں نے سات جنگیں ختم کیں، دنیا بھر کے رہنماؤں سے بات کی لیکن اقوام متحدہ سے مجھے صرف دو چیزیں ملیں جن میں ایک خراب ایسکیلیٹر اور ایک خراب ٹیلی پرامپٹر شامل ہے‘۔