امریکی صدرکا پروٹوکول، نیویارک پولیس نے فرانسیسی صدرکو بھی روک لیا

بدھ 24 ستمبر 2025 15:26

امریکی صدرکا پروٹوکول، نیویارک پولیس نے فرانسیسی صدرکو بھی روک لیا
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے والے فرانسیسی صدر میکرون کو پولیس نے صدر ٹرمپ کے قافلے کے گزرنے کے سبب روک دیا، میکرون نے ٹرمپ کو فون کرکے راستے کھلوانے کی درخواست کر دی۔گزشتہ روز فرانسیسی صدر میکرون نیویارک میں اقوام متحدہ کی کانفرنس میں فلسطین کو تسلیم کرکے قریب ہی واقع فرانسیسی سفارتخانے کے لیے نکلے تو ان کے قافلے کو سڑک پر روک لیا گیا۔

پتہ چلاکہ صدر ٹرمپ کے قافلے کا پروٹوکول لگا ہوا ہے ، انہوں نے گزرنا ہے اس لیے راستے بند ہیں ۔ایسے میں فرانسیسی صدر نے خود گاڑی سے نکل کر پولیس آفیشلز سے بات کی لیکن انہیں پیار محبت سے سمجھادیا گیا کہ راستہ تو بند ہی رہے گا۔

(جاری ہے)

اس پر میکرون نے بھی ہمت نہیں ہاری اور سڑک پر کھڑے کھڑے ہی صدر ٹرمپ کو فون کھڑکا دیا اور پھرحال احوال پوچھتے ہی ان سے اٹھکیلیاں بھی شروع کردیں۔

فرانسیسی صدر نے پوچھا کہ اچھا ذرا بوجھو تو کہ میں نے آپ کو فون کیوں کیا ہے دوسری طرف سے نہ جانے ٹرمپ نے کیا جواب دیا ، تو میکرون بولے کہ وہ سڑک پر کھڑے ہیں اور راستہ بند ہے کیوں کہ آپ نے گزرنا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بھی غالبا ٹرخا دیا اور راستے پھر بھی نہیں کھلے ۔جس کے بعد فرانسیسی صدر نے پیدل ہی جانے کی ٹھان لی لیکن انہیں اکیلے کو بھی سڑک کراس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تو انہیں مجبورا قافلہ گزرنے کا انتظار ہی کرنا پڑا۔اس کے بعد میکرون کو بھی ضد آگئی کہ اب گاڑی میں نہیں جا؂ئوں گا ، وہ پیدل ہی فرانسیسی سفارت خانے کی طرف روانہ ہوئے ۔ راستے میں کچھ لوگوں نے پہچان کر فرانسیسی صدر کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔