سرگودھا چیمبرآف کامرس فراڈ کوروکنے کے لئے ڈیجیٹل فنڈز کی منتقلی میں2 گھنٹے کی تاخیر کا خیرمقدم کرتا ہے: شاویز احمد

بدھ 24 ستمبر 2025 16:29

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکی بینکنگ کمیٹی کے چیئرمین شاویز احمد نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیجیٹل فنڈز کی منتقلی میں دو گھنٹے کی تاخیر متعارف کرانے کے فیصلے کو مالی فراڈ کی روک تھام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ شاویز احمد نے کہا کہ یہ اقدام صارفین کو اپنے بینکوں کو مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینے کے لیے کافی وقت دے کر دھوکہ دہی کے لین دین سے بچانے میں مدد کرے گا۔

اُنہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے گورنر نے فنانس کمیٹی کے سامنے انکشاف کیا کہ اب تمام بینکوں کو ایس ایم ایس الرٹس کے ذریعے صارفین کو مطلع کرنے کی ضرورت ہوگی کہ ٹرانسفر شروع کر دیا گیا ہے لیکن صرف دو گھنٹے بعد ہی مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ ونڈو دھوکہ دہی کے شکار افراد کو ٹرانزیکشن پر کارروائی سے پہلے بلاک کرنے کی اجازت دے گی۔ شاویزاحمد نے مزید کہا کہ اگر کوئی بینک انتظار کی مدت کو نظرانداز کرتا ہے اور فوری طور پر کسی ایسے معاملے میں منتقلی کو انجام دیتا ہے جہاں بعد میں دھوکہ دہی ثابت ہو جاتی ہے تو گاہک کو معاوضہ دینے کی ذُمہ داری بینک کی ہوگی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ضروری تھا کیونکہ دھوکہ دہی کے بہت سے معاملات میں چھوٹی رقم شامل ہوتی ہے جنہیں تفتیشی حکام اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو گھنٹے کا ٹائم فریم صارفین کو اس طرح کے اقدامات کے خلاف انتہائی ضروری تحفظ فراہم کرتا ہے۔