گورنرخیبرپختونخوا سے گورپال سنگھ کی قیادت میں وفد کی ملاقات

بدھ 24 ستمبر 2025 19:25

گورنرخیبرپختونخوا سے گورپال سنگھ کی قیادت میں وفد کی ملاقات
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی گورپال سنگھ کی قیادت میں ایک وفد نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے کی اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور ان کے حل، سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد نے گورنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے تعلیم، صحت اور عبادت گاہوں کے حوالے سے درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو آئین کے مطابق تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بسنے والی اقلیتی برادری صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ گورنر نے وفد کو اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔