Live Updates

سمندری طوفان ”ریگاسا “نے تائیوان ،چین اور ہانگ کانگ میں شدید تباہی مچا دی

تائیوان میں طوفان اور تیز بارشوں کے باعث جھیل پھٹ گئی،17افراد ہلاک،124لاپتہ ہیں.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 24 ستمبر 2025 18:53

سمندری طوفان ”ریگاسا “نے تائیوان ،چین اور ہانگ کانگ میں شدید تباہی ..
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 ستمبر ۔2025 )سمندری طوفان ریگاسا نے تائیوان سمیت چین، ہانگ کانگ اور تائیوان میں شدید تباہی مچا دی ہے تائیوان میں طوفان اور تیز بارشوں کے باعث جھیل اپنی گنجائش سے زیادہ بھرنے کے باعث اب تک کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 124 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں. بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی تائیوان میں کم وقت میں بہت زیادہ مقدار میں ہونے والی بارشوں کے باعث شدید تباہی ہوئی پانی کے اس اخراج سے علاقے میں بنے پل بہہ گئے جبکہ ہوالین شہر کے کچھ علاقوں میں سیلاب کا پانی ایک منزلہ عمارت کی اونچائی تک پہنچ گیا.

(جاری ہے)

طوفان ریگاسا سے جھیل بھرنے اور پھٹنے سے پڑنے والے اس شگاف کو ماہرین پہاڑوں سے آنے والی سونامی قرار دے رہے ہیں جس سے ایک اندازے کے مطابق 15.4 ملین ٹن پانی(جو 6,000 اولمپک سائز کے سوئمنگ پولز کے برابر ہے) خارج ہوا حکام کے مطابق دشوار گزارراستوں کی وجہ سے حکام کے لیے ریسکیو کا کام چیلینجنگ ہے یاد رہے کہ جولائی میں آنے والے سمندری طوفان کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد مٹائیان کریک بیریئر جھیل بنی تھی.

حکومت نے ہوالین میں ایک فرنٹ لائن ڈیزاسٹر ریسپانس سنٹر قائم کیا ہے، اور وزارت قومی دفاع نے ریسکیو کے لیے فوجیوں کو تعینات کیا ہے اگرچہ شہر میں سیلاب کا پانی کم ہو گیا ہے تاہم ابھی وہاں کیچڑ کی موٹی تہہ اور ملبہ باقی ہے جبکہ امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کو تلاش رہی ہیں اس تباہی نے پورے تائیوان کو بڑے پیمانے پر تشویش میں مبتلا کر دیا ہے.

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے نے کہا ہے کہ شینزین، ژوہائی اور گوانگ زو کے کچھ نشیبی ساحلی علاقوں میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے قریب سمندری پانی کے داخل ہونے کا زیادہ خطرہ ہوگا یاد رہے کہ یہ تینوں شہر چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں واقع ہیں چین کے نیشنل میری ٹائم انوائرمنٹل فورکاسٹنگ سینٹر نے سمندری لہروں اور طوفان میں شدت آنے کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے الرٹ کے مطابق کل صبح تک چین کے شمال مغربی حصے میں، سات سے 12 میٹر اونچی لہروں کا سامنا ہو سکتا ہے.

چین میں سمندری طوفان ریگاسا کے باعث تقریبا 20 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں موسمیاتی امور کے ماہرین اس طوفان کو اس کی شدت کے باعث ”طوفانوں کا بادشاہ“ قرار دے رہے ہیں جس میں ایک ماہ کے دوران ہونے والی بارش کی مقدار چند گھنٹوں کے اندر برس گئی ہانگ کانگ میں طوفان ریگاسا کے باعث 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں جب کہ بلند لہروں نے ساحلی علاقوں کو ڈبو دیا ریگاسا کی تباہی کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور ہانگ کانگ کا سٹاک ایکسچینج غیر متاثر رہنے کے باوجود تجارتی سرگرمیوں میں کمی دیکھی گئی. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات