آزاد جموں و کشمیر کے تمام سرکاری تعلیمی ادارے اپنی مثال آپ ہیں،میئرباغ میجرعبدالقیوم

بدھ 24 ستمبر 2025 22:55

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) میئرباغ میجرعبدالقیوم بیگ،پرنسپل گورنمنٹ بوائز پائلٹ ہائی سکول باغ سردار عبدالعزیزخان نے کہا ہے کہ بچے ہماری قیمتی متاع اور مستقبل کے معمار ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے تمام سرکاری تعلیمی ادارے اپنی مثال آپ ہیں جو مشکل حالات میں بھی طلبہ کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے میں دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور کوالیفائیڈ اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں جو طلبہ کو بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی و سماجی تربیت سے بھی روشناس کرا رہے ہیں۔ گورنمنٹ پائلٹ بوائز ہائی سکول باغ کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ یہ آزاد جموں و کشمیر کا واحد ادارہ ہے جس کے فارغ التحصیل طلبہ نے نہ صرف ملک بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کو یہ امتیاز بھی حاصل ہے کہ آزاد کشمیر کے وزرائے اعظم، صدور، وزرائے کرام، اعلیٰ بیوروکریٹس، انجینئرز اور پائلٹس نے یہیں سے تعلیم حاصل کی اور عملی زندگی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ اساتذہ اور طلبہ کی محنت، والدین کے اعتماد اور ادارے کی مثالی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پائلٹ بوائز ہائی سکول باغ میٹرک امتحانات سیشن 2024:25 میں شعبہ اکیڈمک میں نمایاں کارکردگی+:Aگریڈ حاصل کرنے والے 25 طلباء کے اعزازمیں حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹ کی تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی تقریب میں ٹاپر سٹوڈنٹ عادل عباسی نے1136حاصل کئے۔

مہمان خصوصی میئرباغ میجر عبدالقیوم بیگ تھے۔ تقریب کی صدارت پرنسپل ادارہ سردار عبدالعزیز خان نے کی تقریب سے ادارہ ہذا کے سابق سٹوڈنٹ ممبران میونسپل کارپوریشن وضلع کونسل باغ سید کامران قلندر گردیزی،سردار رشید طاہری، ڈاکٹر محمد بشیرخان، سردار صیاداحمدخان،چوہدری سہیل ممتاز،سردار نور زمان نے خطاب کیا،مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی ناکامی کی بنیادی وجہ اسلام، قرآنِ حکیم اور تعلیماتِ نبوی ﷺ سے دوری ہے۔ اگر ہم حضور نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں اور تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔\378