محکمہ صحت عامہ آزاد جموں و کشمیر کے زیر انتظام 110 بیسک ہیلتھ یونٹس میں ایمرجنسی میڈیسن کٹس کی تقسیم کی تقریب

بدھ 24 ستمبر 2025 22:54

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) محکمہ صحت عامہ آزاد جموں و کشمیر کے زیر انتظام 110 بیسک ہیلتھ یونٹس میں ایمرجنسی میڈیسن کٹس کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب سے محکمہ صحت عامہ کے ڈائریکٹر CDCڈاکٹر فاروق اعوان،ایگزیکٹو ممبر کشمیر انٹرنیشنل (یوکے) ڈاکٹر اظہر چوہدری،ممبر کشمیر انٹرنیشنل (یوکے) ڈاکٹر ظفر عباس، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ صحت عامہ ڈاکٹر عبدالستار خان،ڈاکٹر جواد افضل کیانی نے خطاب کیا۔

محکمہ صحت عامہ کے ڈائریکٹر CDCڈاکٹر فاروق اعوان،ایگزیکٹو ممبر کشمیر انٹرنیشنل (یوکے) ڈاکٹر اظہر چوہدری کشمیر انٹرنیشنل (یوکے) نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس تقریب کا اہتمام کشمیر انٹرنیشنل (یو کے) اور محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کی جانب سے کیا گیا جس کا مقصد دور دراز علاقوں میں بنیادی صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانا اور مریضوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں محکمہ صحت عامہ کے افسران، کشمیر انٹرنیشنل (یو کے) کے ذمہ داران اور طبی عملے نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ بیسک ہیلتھ یونٹس میں ایمرجنسی میڈیسن کٹس کی فراہمی سے نہ صرف فوری علاج معالجہ ممکن ہوگا بلکہ مقامی سطح پر مریضوں کو بروقت سہولت بھی میسر آئے گی۔ اس اقدام کو صحت عامہ کی بہتری کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے نمائندوں نے کشمیر انٹرنیشنل (یو کے) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح کے تعاون سے صحت کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔