عدالت کے حکم پر تمام ڈیری فارموں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا ،کمشنر کوئٹہ

بدھ 24 ستمبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت ڈیری فارموں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کیو ڈی اے محمد سلیم کاکڑ،ڈائریکٹر آپریشن بی ایف اے محمد ریاض ،ڈپٹی ڈائریکٹر بی ایف اے سعید بازئی،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ ،اسسٹنٹ رجسٹرار لائیو اسٹاک شعیب جہانزیب ،صدر ڈیری فارم ایسوسی ایشن الطاف حسین گجر،نائب صدر محمد اسلم سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈیری فارموں کی منتقلی سے متعلقہ اقدامات اور اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں مسائل اور تجاویز پر غور کیا گیا تاکہ ایسا قابلِ عمل فیصلہ سامنے لایا جا سکے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہو۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم کے مطابق کوئٹہ شہر سے تمام ڈیری فارموں کو جلد از جلد شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا تاکہ صفائی، سیوریج اور ماحولیاتی نظام میں بہتری لائی جا سکے۔

ڈیری فارم ایسوسی ایشن کی جانب سے تجویز دی گئی کہ ڈیری فارموں کے لیے شہر کے دونوں اطراف میں اراضی مختص کی جائے تاکہ شہریوں کو دودھ کی سپلائی متاثر نہ ہو۔ اس موقع پر کیو ڈی اے کو ہدایت کی گئی کہ ڈیری فارموں کے لیے زمین کی فراہمی، پانی کی دستیابی اور دیگر ضروری سہولیات کے حوالے سے جامع پلان مرتب کریں اور ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کے تحفظات کو دور کریں۔