اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیر صدارت ایک اہم کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور پولیس افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، اے آئی جی جنرل اینڈ ڈویلپمنٹ، زونل ایس پیز، ایس پی ڈولفن و پیٹرولنگ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران افسران کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور راہزنی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور اور منظم کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے واضح کیا کہ غیر رجسٹرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرمان اور متحرک گینگز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جائیں گے، جب کہ پیٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ تمام پیٹرولنگ افسران 24/7 فیلڈ میں موجود رہیں گے تاکہ جرائم کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔اسلام آباد پولیس پرعزم ہے کہ شہر کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔