لاہورہائیکورٹ نے منشیات کے مجرم کی سزا کے خلاف اپیل خارج کردی

جمعرات 25 ستمبر 2025 12:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں سزا پانے والے مجرم نور محمد شاہ کی اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا مجرم کو عمر قید کافیصلہ برقرار رکھا، عدالت نے قرار دیا کہ ملزم سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونا ثابت ہوا ہے، اس لیے وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا ء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

مجرم نور محمد شاہ کے خلاف تھانہ بھوانہ، ضلع چنیوٹ میں 15جولائی 2020ء کو مقدمہ درج ہوا تھا، جس میں اس سے 28کلو چرس اور 35کلو افیون برآمد ہوئی۔ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے سزا کے خلاف اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ فرانزک رپورٹ سمیت تمام شواہد ملزم کے قصوروار ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے گواہوں کے بیانات اور ریکارڈ کی بنیاد پر میرٹ پر فیصلہ دیا۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ منشیات فروش معاشرے اور نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔دوسری جانب ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم کو بدنیتی سے ملوث کیا گیا ہے، تمام گواہان پولیس اہلکار ہیں جبکہ پبلک سے کوئی گواہ پیش نہیں کیا گیا۔ وکیل نے کہا کہ ملزم کے ذاتی قبضے سے صرف ایک کلو چرس اور ایک کلو افیون برآمد ہوئی، باقی منشیات گاڑی سے ظاہر کی گئی، مگر وہ گاڑی عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔تاہم عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ اس پر دو رکنی بینچ نے مجرم کی اپیل خارج کر دی اور ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی عمر قید کی سزا برقرار رکھی۔