مولانا فضل الرحمان کا جے یوآئی کے مرکزی جنرل کونسل کےممبرمولاناحسین احمدسے ان کی والدہ کی وفات پراظہارتعزیت

جمعرات 9 اکتوبر 2025 22:04

مولانا فضل الرحمان کا جے یوآئی کے مرکزی جنرل کونسل کےممبرمولاناحسین ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی مرکزی جنرل کونسل کے ممبر و سابق امیدوار قومی اسمبلی این اے 32 پشاور مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ سے ان کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر تعزیت کی ہے ۔مولانا فضل الرحمان نے مرحومہ کی مغفرت، بلندیِ درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا فرمائی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ کی والدہ ایک نیک سیرت، دین دار اور صبر و شکر کی پیکر خاتون تھی ، جن کی دینی و اخلاقی تربیت کا اثر اُن کے اہلِ خانہ کی خدمات میں نمایاں نظر آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ والدہ کی جدائی انسان کی زندگی کا سب سے بڑا صدمہ ہے لیکن مومن کا شیوہ صبر اور دعا ہے، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش، صوبائی نائب امیر مولانا عبدالحسیب حقانی، صوبائی ترجمان حاجی عبدالجلیل جان، سابق صوبائی وزیر آصف اقبال داوزئی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر پروفیسر مولانا خیرالبشر کے پوتے اور عنایت گل کے بھائی کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ۔انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے،ہمیں ہمیشہ صبر، دعا اور ایصالِ ثواب کے ذریعے اپنے مرحومین کے لیے مغفرت طلب کرتے رہنا چاہیے ، جمعیت علمائے اسلام دکھ کی اس گھڑی میں مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ اور دیگر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔