حکومت بلوچستان کا شہید لیویز اہلکار محسن علی اعوان کو خراج عقیدت

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) حکومت بلوچستان نے تحصیل کٹھن ضلع کچھی میں ڈاکو گروہوں کے خلاف لیویز فورس کی کارروائی کے دوران شہادت پانے والے اہلکار محسن علی اعوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔حکومت بلوچستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر کچھی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں ،حکومت کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ قومی شاہراہوں پر لوٹ مار میں ملوث جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور ان کا قلع قمع کیا جائے گا ،عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لیویز فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت آپریشنز کر رہے ہیں ۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈاکو گروہوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی اور صوبے کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔