ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر)الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 25 ستمبر 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر)الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ونگ کمانڈر 63 ونگ کرنل شہریار، ونگ کمانڈر 52 ونگ کرنل زبیر، ایس ایس پی سبی اختر نواز، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے تمام داخلی راستوں پر سخت نگرانی اور مکمل چیکنگ کی جائے گی، ہر آنے والی گاڑی کو روک کر مسافروں کے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد ہی شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ ہر شہری اپنے گلی، محلے اور علاقے میں آنے جانے والے افراد پر کڑی نظر رکھے ، والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے نوجوان بچوں کی سرگرمیوں پر توجہ دیں اور دیکھیں کہ ان کا اٹھنا بیٹھنا کن کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا اطلاع کی فوری فراہمی کے لیے شہری 15 (ون فائیو) پر پولیس کو اطلاع دیں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا کمپین بھی چلائی جائے گی تاکہ عوام کو آگاہی دی جا سکے کہ کس طرح وہ بروقت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر شہر میں امن و امان کو یقینی بنانا ممکن نہیں، اس لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی تاکہ سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کی جا سکے۔