نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) نیشنل ٹیکنالوجی کونسل نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد بیچلرز آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی (کمپیوٹر) پروگرام کا عبوری جائزہ اور دو نئے متعارف کردہ پروگرامز، بیچلرز آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) اور بیچلرز آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی (سائبر سیکیورٹی) کا ابتدائی معائنہ تھا۔

نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے وفد میں پروفیسر ڈاکٹر عمیر عبداللہ، پروفیسر ڈاکٹر سعود الطاف، پروفیسر ڈاکٹر یاسر اور حافظ غلام محمد شامل تھے۔ وفد کا استقبال پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، ڈاکٹر احسان الحق اور ڈاکٹر بابر خان نے کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وفد نے پروگرامز کی تفصیلات کا بغور جائزہ لیا، سہولیات کا معائنہ کیا اور فیکلٹی و طلبہ سے تفصیلی نشستیں کیں۔

مزید برآں، وفد نے مختلف انتظامی شعبہ جات کا دورہ بھی کیا اور وائس پریذیڈنٹ اکیڈمکس/ایڈمنسٹریشن و فنانس، پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمان سے ملاقات کی۔ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے نمائندوں نے نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں انجینئرنگ ٹیکنالوجی پروگرامز کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا اور یونیورسٹی میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔