وہاڑی میں قومی مہم، 9 تا 14 سالہ بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگائی جارہی ہے،ڈپٹی کمشنر وہاڑی

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:40

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر نے کہا ہے کہ صحت مند گھرانے کے لیے بیٹیوں کا صحت مند ہونا ناگزیر ہے اور اسی مقصد کے تحت سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے ایچ پی وی ویکسین کی قومی مہم بھرپور انداز سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری و نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ گھروں میں جا کر بھی 9 تا 14 سال کی بچیوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے جو ان کا بنیادی حق ہے۔

(جاری ہے)

والدین پر زور دیا گیا کہ وہ ویکسین کی افادیت کو سمجھتے ہوئے اپنی بچیوں کو لازمی طور پر یہ ویکسین لگوائیں تاکہ انہیں مہلک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق دنیا کے 145 ممالک بشمول مسلم ممالک میں یہ ویکسین استعمال ہو رہی ہے اور کئی ممالک مہنگے داموں خرید کر اپنی بچیوں کو لگوا رہے ہیں، جبکہ حکومت پاکستان مفت میں یہ سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کے کسی قسم کے منفی اثرات نہیں ہیں اور یہ بچیوں کو مستقبل کے لیے محفوظ بناتی ہے۔ دریں اثنا گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی اسکول اور دیگر نجی اسکولوں میں بھی طالبات کو ایچ پی وی ویکسین لگائی گئی۔\378