عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کا بہترین اور انقلابی اقدام ہے، کمشنرسرگودھا

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:50

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) کمشنرسرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے پنجاب صاف پانی اتھارٹی کےزیراہتمام شہرمیں حال ہی میں فعال ہونے والے 33 واٹر فلٹریشن پلانٹس میں سے متعدد پلانٹس کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔ وہ سونی پورہ، چک نمبر 47، اقبال کالونی اور بابو محلہ سمیت مختلف مقامات پر گئے جہاں انہوں نے پانی کی کوالٹی کا جائزہ لیا اور مقامی مکینوں سے سہولیات بارے دریافت کیا۔

کمشنر نے کہا کہ عوام کو پینے کاصاف پانی فراہم کرنا حکومت پنجاب کا بہترین اور انقلابی اقدام ہے۔ یہ منصوبہ براہ راست عوامی صحت اورمعیارِزندگی سےجڑاہواہےاوراس کے ثمرات ہر گھرانے تک پہنچ رہے ہیں۔ اُنہوں نےکہا کہ ان پلانٹس کے ذریعے شہریوں کوپینےکےصاف پانی تک مفت اورفوری رسائی حاصل ہورہی ہے،جو حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

جہانزیب اعوان نے ہدایت کی کہ تمام فلٹریشن پلانٹس پر شکایات سیل نمبراوراوقاتِ کار نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں، صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور پانی کی کوالٹی کا باقاعدگی سے کائونٹر چیک کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ بعد ازاں کمشنر نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام حال ہی میں بنائے جانے والے اقبال کالونی پارک کا بھی دورہ کیا اور شہریوں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی راہ شاہد عمران، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر یاسر بشیر سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔