کراچی: دو پولیس مقابلے، تین زخمیوں سمیت چار ملزمان گرفتار، اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)شہر قائد میں پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک کالونی اور مچھر کالونی میں دو علیحدہ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین زخمیوں سمیت مجموعی طور پر چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اسلحہ، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ایس ایچ او پاک کالونی انور علی کے مطابق، تھانہ پاک کالونی کی حدود میں واقع حافظ مل گلی گورنمنٹ اسکول کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت سلیمان ولد نصیب زادہ اور شعیب ولد مسکین لالہ کے نام سے ہوئی، جبکہ تیسرے ملزم کا نام لقمان ولد شمس بتایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان سے تین پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو نشانہ بنا کر لوٹنے میں ملوث رہے ہیں۔

ان کے خلاف مزید کرمنل ریکارڈ کی جانچ جاری ہے، جبکہ تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ایس ایچ او ڈاکس نند لال کے مطابق مچھر کالونی شیرازی چوک کے قریب جنگل سائیڈ میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار ملزم کی شناخت دل محمد عرف لنگڑا ولد نور اسلام کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس دونوں واقعات کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔