سعودی عرب کا فلسطین کے لئے 9کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد اب 159 سے زائد ہو چکی ہے،وزیرخارجہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 15:59

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)سعودی عرب نے فلسطینی اتھارٹی کی معاونت کے لییعالمی اتحاد قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ، مملکت اس کے ذریعے 9 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دو ریاستی حل پر عالمی اتحاد کے مشترکہ اجلاس میں واضح کیا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد اب 159 سے زائد ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

یہ پیش رفت سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے بعد سامنے آئی، جس کا مقصد فلسطین کے مسئلے کا پر امن حل اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ امریکا کے ساتھ مل کر جنگ روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق اس وقت تک ممکن نہیں جب تک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب شراکت داروں کے ساتھ مل کر جامع اور منصفانہ امن کے لیے کوشاں رہے گا۔