کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی کی زیر صدارت ہیڈ آفس میں ایک اہم اجلاس

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی کی زیر صدارت ہیڈ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سوشل سکیورٹی ہسپتال فیصل آباد، ڈائریکٹوریٹ ایسٹ اور ویسٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹٹ اور ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی۔ کمشنر نے فیصل آباد ہسپتال میں کنسلٹنٹ کی خالی آسامیوں کو فوری طور پر پر کرنے اور ڈائریکٹر ایم سی کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

اسی طرح آنکھوں کے بروقت آپریشن کے لیے جدید فیکو مشین کو نواز شریف ہسپتال لاہور، ملتان، سرگودھا اور فیصل آباد ہسپتال کے درمیان منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ فیصل آباد ہسپتال کے حوالے سے کمشنر نے ڈائریکٹر ورکس کو ہسپتال کا معائنہ کر کے رنگ و روغن اور مرمتی کاموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جبکہ صفائی کے عملے کی خالی آسامیوں کو قواعد و ضوابط اور پپرا رولز کے تحت آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سوشل سکیورٹی ڈسپنسری سمندری میں سہولیات کے کم استعمال پر کمشنر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر میڈیکل ایسٹ سے شفٹنگ، ضم یا ڈاؤن گریڈنگ کی تجاویز طلب کیں۔ کمشنر نے ڈائریکٹر میڈیکل ویسٹ کو تمام شکایتی بکس ایک ہی ڈیزائن اور نمونے میں تیار کرنے اور رپورٹ ہیڈ آفس میں جمع کرانے کا حکم دیا۔ مزید برآں، کرائے اور کرایہ فری عمارتوں کی مرمت کے تخمینے تیار کر کے آئندہ گورننگ باڈی اجلاس میں پیش کرنے اور تمام ہسپتالوں و میڈیکل آؤٹ لیٹس کے سائن بورڈز ایک ہی ڈیزائن اور رنگ میں تیار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی محمد علی نے واضح کیا کہ محنت کشوں کو جدید علاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔