پنجاب یونیورسٹی اور شیخ زاید ہسپتال کے مابین معاہدہ طے پاگیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)پنجاب یونیورسٹی اور شیخ زاید ہسپتال کے مابین الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبائوطالبات کی عملی تربیت کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی، چیئرمین شیخ زاید ہسپتال ڈاکٹر اکبر حسین ، ڈائریکٹر کیمب ڈاکٹر ریحان صادق، چیئرمین ڈاکٹر منظور حسین ودیگر نے شرکت کی۔

معاہدے کی رو سے پنجاب یونیورسٹی الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبائوطالبات شیخ زاید ہسپتال میں عملی تربیت حاصل کرسکیں گے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ڈی پی ٹی، ایم ایل ٹی، آڈیالوجی اور آپٹومیٹری اینڈ وژن سائنسز کے طلبائوطالبات مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبے میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے میں پنجاب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ کے شعبے میں بہترین اور معیاری گریجوایٹس پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ڈاکٹر اکبر حسین نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباء کو شیخ زاید ہسپتال میں اعلی معیار کی تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زاید ہسپتال کی جدید ترین مشینیں اور مہارتوں سے طلباء کو معیاری تربیت ملے گی۔