الخدمت نے ڈینگی اورملیریا سے بچاؤ کیلئے اسپرے مہم شروع کردی

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)الخدمت نے پورے کراچی میں ملیریا اوڈینگی کی وبا سے بچا کیلئے اسپرے مہم کا آغاز کر دیا۔ اسپرے مہم کا افتتاح نیو ایم اے جناح روڈ سے چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کیا۔اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی،سینئر منیجر کمیونٹی سروسز سرفراز شیخ اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت پورے شہر میں اسپرے مہم کا آغاز کردیا ہے،جب بھی شہر میں مون سون کا سیزن آتا ہے تو بارشوں کے بعد شہر میں مچھر اور مکھیوں کی افزائش سے ملیر یا اور ڈینگی جیسے امراض پیدا ہوتے ہیں۔آج پورا شہر ڈیزاسٹر کا شکار ہے،گھروں میں پانی ناپید ہے،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس سے شہر ی اذیت میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے ہمیشہ شہریوں کی بلاتفریق خدمت کی ہے،ہم شہریوں کو صاف ستھر اورا جراثیم سے پاک ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔الخدمت کی 10 گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر 2اضلاع میں اسپرے کریں گی، اسپرے ان علاقوں میں بھی کیا جائے گا جہاں اسپرے کی اشد ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس حوالے سے ہمیں نشاندہی بھی کر سکتے ہیں تاکہ ان علاقوں میں اسپرے کروایا جائے۔

پہلے ہمیں ملیر یا کی وبا کا سامنا ہوتا تھا تاہم گزشتہ کئی برسوں سے ہمیں ڈینگی جیسی وبا کا بھی سامنا ہے،جس سے بعض صورتوں میں موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔نوید علی بیگ نے کہا کہ میں ان تمام الخدمت کارکنان کو بھی مبارکباد دیتا ہوں جو شہر کے تباہ حال انفراسٹرکچر کے باوجود کام کررہے ہیں اور عوام کو مختلف امراض سے بچانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت باقاعدگی سے ہرسال اسپرے مہم کا اہتمام کرواتی ہے جس کا مقصد بارشوں کے بعد لوگوں کو جراثیم سے پھیلنے والے امراض سے بچانا ہے۔اس برس بھی یہ اہتمام کیا گیا گیا ہے اور اسپرے مہم تمام علاقوں میں شروع کی جا رہی ہے اور اس کا م کو الخدمت کے رضاکار مستعدی کے ساتھ کریں گے۔