آئی ٹی سیکٹر کے لیے حکومت کا بڑا اقدام، 8.6 ارب روپے کے فنڈز جاری

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:43

آئی ٹی سیکٹر کے لیے حکومت کا بڑا اقدام، 8.6 ارب روپے کے فنڈز جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) وفاقی حکومت نے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 8.6 ارب روپے جاری کر دیے ہیں۔ یہ فنڈز پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری کیے گئے، جس میں حکومت نے رواں مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 31 ارب روپے مختص کیے تھے۔

دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق جاری کیے گئے فنڈز ترقیاتی منصوبوں پر مکمل طور پر خرچ ہو چکے ہیں، جن میں سب سے نمایاں اسلام آباد اور کراچی میں قائم کیے جانے والے جدید آئی ٹی پارکس کے منصوبے شامل ہیں۔اسلام آباد آئی ٹی پارک کے لیے 7 ارب روپے جبکہ کراچی آئی ٹی پارک کے لیے 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان دونوں منصوبوں کی تکمیل کورین بینک کے تعاون سے دیے گئے نرم قرضوں کے تحت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت آئی ٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد آئی ٹی پارک کا 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ پارک جدت، تحقیق، اور ٹیکنالوجی سروسز کا مرکز ہوگا، جس سے آئی ٹی ایکسپورٹس میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔آئی ٹی پارک کے قیام سے نہ صرف پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو تقویت ملے گی بلکہ مقامی اسٹارٹ اپس اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ادھر کراچی آئی ٹی پارک منصوبہ اس وقت نظرثانی شدہ پلاننگ کے مراحل میں ہے اور جلد اس پر عملی پیشرفت متوقع ہے۔ ترجمان وزارت آئی ٹی کے مطابق حکومت ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور آئی ٹی سیکٹر کی استعداد بڑھانے کے لیے پٴْرعزم ہے تاکہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی دوڑ میں مؤثر انداز میں شریک ہو سکے۔