وزیر زراعت سردارمیراکبر خان کی زیرصدارت ضلعی آفیسران وبلدیاتی نمائندگان کااجلاس

ہفتہ 27 ستمبر 2025 20:19

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) آزاد حکومت کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان کی زیر صدارت ضلعی آفیسران و بلدیاتی نمائندگان کا اجلاس میونسپل کارپوریشن باغ کے ہال میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت، ایس ایس پی ریاض مغل،میئر میونسپل کارپوریشن میجر ریٹائرڈ سردار عبدالقیوم بیگ،چیئرمین ضلع کونسل سمیت جملہ ضلعی آفیسران و بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلعی آفیسران نے موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوے سردار میر اکبر خان نے کہا کہ ریاست کے اندر افراتفری پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے شہریوں کو تحفظ فراہم کریں ،حکومت نے ہر ممکن کوشش کی کہ ریاست کے اندر یہ ماحول نہ بنے مگر کچھ لوگ ریاست کے اندر انتشار کو ہوا دے رہے ہیں جنہیں روکنا ہو گا ،ہم سب انتظامیہ کی پشت پر کھڑے ہیں ضلعی انتظامیہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بناے،بلدیاتی نمائندگان اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہ کر عوام کو انتشار سے بچائیں یہ صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ بطور ریاست کے شہری ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم سب ملکر اس صورتحال میں امن قائم رکھنے میں کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوے ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت نے کہا کہ تمام آفیسران و اہلکاران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تمام لوگ دفاتر میں موجود رہیں گے تاکہ کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کاروائی کی جا سکے،تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں پوری کریں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ہمارا فرض ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں ۔