وزیراعلی کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ بلیدی کی بلوچستان عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیاب اُمیدواروں کو مبارکباد

ہفتہ 27 ستمبر 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی اے پی نے ہمیشہ شفاف اور جمہوری روایات کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر نوابزادہ خالد حسین مگسی کے مرکزی صدر اور سینیٹر منظور کاکڑ کے مرکزی سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اسی طرح سردار صالح بھوتانی کے صوبائی صدر بلوچستان اور حاجی مٹھا خان کاکڑ کے صوبائی جنرل سیکریٹری بننے پر بھی خصوصی مبارکباد دی ۔

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ بی اے پی کی نئی قیادت صوبے اور ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے تسلسل کو مزید آگے بڑھائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور شفاف انتخابی عمل دیگر جماعتوں کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت بی اے پی کی پالیسیوں کا اہم حصہ ہے اور اس بات پر اطمینان ہے کہ پارٹی کے اندر خواتین ونگ کو بھی فعال کردار دیا گیا ہے، جو خواتین کے مسائل کے حل اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی یہ نئی قیادت صوبے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔