ایران نے جرمنی، فرانس اور برطانیہ میں تعینات اپنے سفیروں کو واپس بلالیا

اتوار 28 ستمبر 2025 08:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) ایران نے جرمنی، فرانس اور برطانیہ میں تعینات اپنے سفیروں کو واپس بلالیا۔العربیہ کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق تہران نے ای تھری کی جانب سے پابندیوں کے نفاذ کے چند گھنٹے قبل اپنے پہلے عملی اقدام کے طور پر جرمنی، فرانس اور برطانیہ میں اپنے سفیروں کو مشاورت کے لیے طلب کر لیا، یہ اقدام اس احتجاج کے طور پر کیا گیا کہ ان ممالک نےغیر قانونی پابندیاں عائد کا عمل شروع کیا ہے۔

ایران نے سہہ ملکی یورپی گروپ ای تھری کے ذریعے ٹرگر میکانزم کے فعال ہونے کو "غیر ذمہ دارانہ اور ظالمانہ" فیصلہ قرار دیا۔یہ اقدام ایران کی جانب سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل کرنے کی دھمکی کے بعد آیا، جس کے ساتھ ایران نے روان مہینے نو ستمبر کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک نیا تعاون معاہدہ بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کئی روز تک مذاکرات کرنے کے بعد اعلان کیا کہ ایران جرمنی، فرانس اور برطانیہ پر مشتمل یورپی ٹروئیکا کی جائز شرائط پر عمل کرکے پابندیوں کے دوبارہ نفاذ سے بچ سکتا ہے،جن میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسیکے معائنہ کاروں کو ایران کے تمام جوہری اداروں میں داخلے کی اجازت دینا، افزودہ یورینیم کے ذخائر کے حوالے سے تشویشات کا حل نکالنا، اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لینا شامل ہے۔

مگر ایران نے کل اپنے قومی رہبر علی خامنہ ای کی موجودگی میں تصدیق کی کہ وہ دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا، جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ پابندیوں کے دور میں داخل ہونا اب قریب ہے۔ ہفتے کی شام کو ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ نافذ ہو جائیں گی، جو 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت معطل کی گئی تھیں۔