نو تعینات ڈی پی او کوہستان لوئر کا شاہراہ قراقرم پر قائم پولیس چوکیوں کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

اتوار 28 ستمبر 2025 10:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر عبدالسلام خالد نے شاہراہ قراقرم پر قائم پولیس چوکیوں کیال، کیرو اور مٹہ بانڈہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ کوہستان لوئر پولیس کے مطابق دورے کے دوران ڈی پی او نے پولیس اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں، سنتری پوسٹ اور واچ ٹاور پر سرچ لائٹ ساتھ رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور عام شہریوں اور چینیوں کی سکیورٹی کا خاص خیال رکھیں۔ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کریں۔ ڈی پی او کوہستان لوئر نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے والی گاڑیوں کو بلاوجہ نہ روکا جائے، عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور مسائل کے حل کو ہر صورت ترجیح دی جائے، کسی بھی شہری کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈی پی او عبدالسلام خالد نے کہا کہ پولیس اہلکار ہر حال میں الرٹ رہتے ہوئے شہریوں اور غیر ملکیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، عوامی خدمت ہمارا فخر اور پہچان ہے۔

متعلقہ عنوان :