تامل ناڈو ،جلسے کے دوران بھگدڑ، 36 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

جلسے میں عوام کی غیر معمولی بڑی تعداد کے سبب انتظامات ناکافی ثابت ہوئے جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا

اتوار 28 ستمبر 2025 12:50

چنئی/کروڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) تامل ناڈو کے ضلع کروڑ میں اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کے جلسے کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک اور 45 سے زائد زخمی ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ریاستی وزیر صحت ما سبرامنیم نے بتایا کہ 36 لاشیں اسپتالوں میں لائی گئیں جبکہ 45 سے زیادہ افراد زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہجوم کے بے قابو ہونے پر کم از کم 30 افراد بے ہوش ہو گئے جنہیں ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا۔

وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹریٹ میں اعلیٰ حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔عینی شاہدین کے مطابق، وجے نے تقریر درمیان میں ہی روک دی جب پارٹی کارکنوں نے خوفزدہ ہو کر لوگوں کو ہجوم میں گرتے دیکھا۔ جلسے میں عوام کی غیر معمولی بڑی تعداد کے سبب انتظامات ناکافی ثابت ہوئے جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔