سعودی عرب کا عالمی برادری سے دو ریاستی حل پر عمل درآمد کا مطالبہ

وقت آگیا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا دیرپا حل تلاش کیا جائے، وزیرخارجہ کا خطاب

اتوار 28 ستمبر 2025 13:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)سعودی عرب کا مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایک مضبوط موقف ہے، یہ بات سعودی مملکت کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوامِ متحدہ کو بتائی اور مزید کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس مسئلے کا منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کیا جائے۔شہزادہ فیصل نے اقوامِ متحدہ کی 80ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مملکت کی طرف سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل بین الاقوامی اور جائز قوانین کے دائرہ کار سے باہر تلاش کرنے کی وجہ سے ہی تشدد مسلسل جاری ہے۔

سعودی عرب کے اعلی سفارت کار نے کہاکہ اسرائیل کی جارحیت اور خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرنے میں عالمی برادری کی ناکامی صرف علاقائی اور عالمی سطح پر سلامتی و استحکام کو غیر مستحکم کرنے، سنگین نتائج اور جنگی جرائم اور نسل کشی میں اضافے کا باعث بنے گی۔

(جاری ہے)

دیگر امور پر بات کرتے ہوئے شہزادہ فیصل نے بحیر احمر، خلیج عدن اور آبنائے کی سلامتی، یہاں کے سفر اور آزادی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے اور اس کے ذرائع کو ختم کرنے کی اہمیت اور اس کے علاوہ اے آئی اور خود مختار ہتھیاروں کے فوجی استعمالات کے خطرات اور ان کے مناسب انتظام کے لیے بین الاقوامی قوانین نافذ کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔اپنی تقریر کے دوران شہزادہ فیصل نے اپنے وژن 2030 کے تحت سعودی عرب کے لیے ترقی کے طویل مدتی راستے اور ان اہداف کا بھی ذکر کیا جو نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے، رواداری کی اقدار کو فروغ دینے اور بین الاقوامی مواصلت و تعاون کے افق کو وسعت دینے کے لیے حاصل کیے گئے۔