Live Updates

ویمن یونیورسٹی ملتان کی فلڈریلیف ڈرائیو، علی پور میں متاثرین سیلاب میں راشن اور نقد رقوم تقسیم

اتوار 28 ستمبر 2025 16:10

علی پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) ویمن یونیورسٹی ملتان نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اپنی انسان دوست کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے ایک اور قابلِ فخر مثال قائم کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی قیادت میں یونیورسٹی کی ٹیم علی پور پہنچی جہاں متاثرہ خاندانوں میں راشن اور نقد رقوم تقسیم کی گئیں۔ترجمان کے مطابق ٹیم میں فوکل پرسن ڈاکٹر ثمینہ اختر، مسٹر عرفان محمود، مسٹر عقیل، محمد ارشد، انعم زہرہ، ڈاکٹر رقیہ، ڈاکٹر تنزیلہ، ڈاکٹر جویریہ احمد، ڈاکٹر حنا میر، ڈاکٹر عظمیٰ منور شامل تھے جنہوں نے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

سماجی کارکن صائم صدیق، غفران بھٹی، رانا اکمل اور احمد خالد نے ٹیم کا استقبال کیا اور متاثرہ خاندانوں تک سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنائی۔

(جاری ہے)

ویمن یونیورسٹی کی ٹیم نے 300 سے زائد متاثرہ خاندانوں میں آٹا، چینی، چاول، خشک راشن، کپڑے، ادویات، حفظانِ صحت کی اشیاء اور پینے کا صاف پانی تقسیم کیا جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے متاثرین کو نقد رقوم بھی فراہم کیں تاکہ وہ اپنی فوری ضروریات عزت و وقار کے ساتھ پوری کرسکیں ۔

اس موقع پر وائس چانسلر نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ قدرتی آفات صرف کمیونٹی کے حوصلے کا ہی نہیں بلکہ اداروں کے ضمیر کا بھی امتحان لیتی ہیں۔ ہم یہاں صرف راشن تقسیم کرنے نہیں آئے بلکہ اپنے لوگوں کے دکھ بانٹنے آئے ہیں۔ ان خاندانوں کا حوصلہ ہمیں مزید ہمت دیتا ہے۔ تعلیم صرف ڈگریوں سے نہیں بلکہ خدمت سے پہچانی جاتی ہے، اور ہماری یہ امدادی سرگرمیاں دراصل ہمدردی اور یکجہتی کی علامت ہیں کہ کوئی خاندان اس کڑے وقت میں اکیلا نہیں ہے۔

فوکل پرسن ڈاکٹر ثمینہ نے کہا کہ یہ ڈرائیو محض امداد کی تقسیم تک محدود نہیں بلکہ ایک سماجی اور انسانی فریضہ ہے۔ بچوں کی مسکراہٹیں اور ماؤں کے چہروں کا سکون ہی اس کاوش کی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی رہنمائی میں یہ مہم ایک اجتماعی جدوجہد بن گئی ہے جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طالبات اور عملے نے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ادارے اور کمیونٹیز جب متحد ہو جائیں تو کسی بھی آزمائش پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندہ صحافیوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور یونیورسٹی کی اس انسان دوست خدمت کو سراہا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات