وہاڑی ، مسافر بس اور کار کے درمیان تصادم ، چھ افراد جاں بحق ، دو زخمی

ریسکیوٹیموں نے بس کی باڈی کاٹ کر زخمی مسافروں کوبس سے نکالا ،زخمیوں میں بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی شامل

اتوار 28 ستمبر 2025 17:15

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)ضلع وہاڑی کے علاقہ ہیڈاسلام کے قریب ٹریفک کے المناک حاد ثے کے نتیجے میں6 افراد جاں بحق دو مسافر شدید زخمی ہوگئے ،جاں بحق ہونے والے تمام مسافرکارمیں سوار تھے۔تفصیلات کے مطابق ہیڈاسلام کے قریب مسافربس سامنے سے آنے والی کار سے ٹکراگئیں ،حادثہ کا شکار کارنمبری LEC 6733 مکمل طور پر تباہ ہوگئی ،کار میں سوار تمام کے تمام چھ افراد جاں بحق ہوگئے ۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا خوفناک تھاکہ کار کے پرخچے اڑ گئے ،مسافر بس کے ڈرائیور سمیت متعدد بس کے مسافر بھی زخمی ہوئے عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا کاروہاڑی سے حاصلپور کی طرف جبکہ بس وہاڑی کی طرف جارہی تھی ۔ریسکیوٹیموں نے بس کی باڈی کاٹ کر زخمی مسافروں کوبس سے نکالا ،زخمیوں میں بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی شامل ہیں زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

جاں حق ہونیوالے کار سواروں میں 20 سالہ عمر ولد سلیم ، طلحہ ولد اسلم ،25 سالہ حسنین ، 22 سالہ حیدر ، 23 سالہ ابوبکر ، اور ایک نوجوان کی فوری طورپر شناخت نہیں ہوسکی ۔ ذرائع کے مطابق تمام افراد فیصل آباد کے رہائشی تھے ،تمام جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ زخمیوں میں 37 سالہ سلامت ولد محمد رشید سکنہ لاہور اور سلیم ولد عبدالعزیز وہاڑی کے رہائشی شدید زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی منتقل کردیا گیا۔