Live Updates

سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کیلئے ملتان میں آن فیلڈ سروے کا آغاز

اتوار 28 ستمبر 2025 18:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے ملتان میں آن فیلڈ سروے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں سروے ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ گھروں اور املاک کا دورہ کیا اور نقصانات کا ڈیٹا اکھٹا کیا۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ ضلع بھر میں اربن یونٹ کی 82 سروے ٹیمیں جدید ایپ کے ذریعے ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان ٹیموں میں ریونیو، اربن یونٹ، لائیوسٹاک، بلڈنگ اور روڈز محکموں کے نمائندے جبکہ پاک فوج کے جوان بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سروے ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ 162 مواضعات میں نقصانات کا تخمینہ لگارہی ہیں جبکہ سٹی، صدر، شجاع آباد اور جلالپور کی تحصیلوں میں بھی ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں سروے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق نقصانات کے تخمینے کی تحصیل سطح پر قائم کمیٹیاں تصدیق کریں گی۔ سروے ٹیمیں جدید پورٹل پر جانی، مالی اور لائیوسٹاک کے نقصانات کا ریکارڈ بھی مرتب کر رہی ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات