آئندہ ماہ صوبے بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے تربیتی اقدام شروع کیا جائے گا، ڈاکٹر احسان بھٹہ

اتوار 28 ستمبر 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) محکمہ سیاحت نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر اکتوبر سے صوبے بھر کی 40 جیلوں میں 40,000 قیدیوں کو ایک ماہ کی مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا اقدام شروع کیا جائے گا جس میں مہمان نوازی، ویٹرنگ اور کھانا پکانے کی مہارتوں پر توجہ دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سیاحت، آثار قدیمہ اور عجائب گھر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے محکمہ سیاحت، ٹی ڈی سی پی اور پنجاب جیل خانہ جات/ہوم ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ یہ پروگرام وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے 'ہنر مند پنجاب' ویژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد قیدیوں کو رہائی کے بعد روزی روٹی کمانے کے لیے ہنر سے آراستہ کرنا ہے، خاص طور پر جن کی سزا 1 سے 6 ماہ کے اندر ختم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ تربیت TDCP کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ کے ذریعے کروائی جائے گی، جو جیلوں میں تربیتی مراکز قائم کرے گا اور نجی شعبے کے ماہر تربیت کاروں کو استعمال کرے گا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے شرکاء کو بتایا کہ یہ پروگرام مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا ، جو ایڈیشنل سیکرٹری جیل خانہ جات ہوم ڈیپارٹمنٹ رہ چکے ہیں، کی خصوصی کاوشوں سے آئی جی جیل کے تعاون سے شروع ہوا ہے کہ اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس پروگرام سے نہ صرف قیدیوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ محکمہ سیاحت اور داخلہ کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے حفاظتی اقدامات کو فروغ ملے گا۔

آخر میں انہوں نے محکمہ داخلہ اور محکمہ جیل خانہ جات کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ پروگرام معاشرے کیلئے مفید ثابت ہوگا۔