ہمیشہ بلاتفریق عوام کے اجتماعی فوائد کیلئے سیاست کی ہے،گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا ژوب میں خطاب

پیر 29 ستمبر 2025 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہےکہ میں نے ہمیشہ بلاتفریق عوام کے اجتماعی فوائد کیلئے سیاست کی ہے اور روز اول سے اپنے لیے ملک گیر سیاست کی اعلیٰ راہ کا انتخاب کیا ہے، صوبہ اور اپنے علاقے میں ہر ترقیاتی کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جو اتحاد اور تعاون کو فروغ دیتا ہے۔

اپنے قیام کے بعد سے، ہم نے اپنی عظیم قوم کے اجتماعی فائدے کو ترجیح دینے کیلئے بدنیتی اور تنگ نظری سے بالاتر ہوکر تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کیے اور آج تک برقرار بھی رکھے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ژوب میں کلی اپوزئی میں شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کلی اپوزئی ژوب شہر کا حصہ ہے،ہم نے ماضی میں اس کو اہمیت دی ہیں اور ابھی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پروگرام رکھتے ہیں، پورے ژوب کیلئے صاف پانی پینے کی فراہمی کا منصوبہ بنا رہے ہیں،طلباء اور طالبات کیلئے کوسٹر کی فراہمی، تعلیمی اداروں کی اپگریڈشن اور سیوریج نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ خدمت خلق اور باہمی افہام و تفہیم کا نقطہ نظر نے ہمیں پل بنانے، بامعنی اتحاد قائم کرنے اور دو طرفہ کوششوں کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کے قابل بنایا ہے۔ آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مختلف نقطہ نظر مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے یکجہتی کا اظہار کریں،باہمی تعاون کا جذبہ ہی ایک روشن مستقبل کی تشکیل کیلئے طاقت بخشی ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پائیدار امن کا قیام معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، عدل و انصاف پر مبنی ایک صحتمند معاشرے کے بنیادی اصول بہت واضح ہیں: پائیدار امن، سماجی مساوات، اور معاشی خودمختاری. یہ وہ اصول ہیں جو معاشرے کے ہر فرد کیلئے امید اور یقین کے باعث بنتے ہیں۔