ڈی پی او کوہستان لوئر کی پولیس افسران سے تعارفی میٹنگ،پیشہ ورانہ بہتری پر زور دیا

پیر 29 ستمبر 2025 15:07

کوہستان لوئر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) ڈی پی او کوہستان لوئر نے پولیس افسران سے تعارفی میٹنگ کے دوران پیشہ ورانہ بہتری پر زور دیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر عبدالسلام خالد نے پیر کو پولیس افسران و اہلکاروں کے ساتھ پہلی تعارفی میٹنگ کی جس میں پولیس نظام کی بہتری،جدید حکمتِ عملی اور عوامی خدمت کے فروغ سے متعلق اہم نکات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

میٹنگ میں ڈی پی او نے پولیس فورس کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کوسرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی اصل طاقت اس کا باہمی اعتماد،پیشہ ورانہ رویہ اور ٹیم ورک ہے جسے مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ڈی پی او عبدالسلام خالد نے دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا اور اہلکاروں کو اس پر عملدرآمد کی ہدایت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تھانوں میں تعینات محرر سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے اور دوران ڈیوٹی تیز رفتاری سے اجتناب کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔ڈی پی او نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس فورس کا اولین مقصد عوام کی خدمت ہے اس لیے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے والے سیاحوں اور غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کو بھی اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ڈی پی او عبدالسلام خالد نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ انسدادی اقدامات کے ذریعے جرائم کے تدارک پرتوجہ دی جائے اور علاقے کو پرامن بنانے میں کردار ادا کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :