جامعہ مہران اور این سی ایچ ڈی کے درمیان مشترکہ تدریسی اور تربیتی سرگرمیاں کرنے کا معاہدہ

پیر 29 ستمبر 2025 15:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے درمیان پاکستانی معاشرے میں انسانی ترقی کے لیے مشترکہ تدریسی اور تربیتی سرگرمیاں کرنے کا معاہدہ طےپا گیا ہے ۔ معاہدے پر مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار اور این سی ایچ ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر وقاص بن سمیع نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

معاہدے کا مقصد وزیر اعظم پاکستان کی ایجوکیشن ایمرجنسی 2024 کے تحت ملک میں شرح خواندگی کو بہتر بنانا اور ناخواندہ افراد کی تعداد کو کم کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت مہران یونیورسٹی کی جانب سے یہ ماڈل اپنایا جائے گا کہ ایک پڑھا لکھا فرد ایک ناخواندہ فرد کو لکھنا پڑھنا سکھائے گا۔ یونیورسٹی اس پروگرام کو موثر بنانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرے گی، پڑھانے کے لیے اساتذہ فراہم کرے گی، ان کی تربیت کرے گی، طلبہ کو تربیت دے گی، ان کی نگرانی کرے گی، پڑھائی کے لیے نصاب اور کورس مہیا کرے گی اور ریکارڈ کو باقاعدہ ترتیب دے گی۔ معاہدے کے موقع پر مہران یونیورسٹی کے فوکل پرسن فیض ابڑو، ڈائریکٹر اورک عارف جلبانی اور دیگر بھی موجود تھے۔