سعودی عرب کاحج اور دو مقدس مساجد کی تاریخ پر میوزیم قائم کرنے کا اعلان

پیر 29 ستمبر 2025 17:21

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) سعودی عرب نے حج اور دو مقدس مساجد کی تاریخ پر میوزیم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خادم حرمین شریفین کے مشیر خاص اور کنگ عبدالعزیز فانڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن سلمان نے حج و حرمین شریفین کی تاریخ منصوبے کی اعلی نگران کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی سربراہی کی۔

عکاظ کے مطابق منصوبے کے تحت حرمین شریفین اور حج وعمرہ کے مناسک کی ادائیگی کے حوالے مختلف ادوار کی تاریخ مرتب کی جاتی ہے جس میں ماضی کے مستند حوالوں کو علمی انداز میں پیش کرنا ہے۔اس اہم و تاریخی منصوبے میں وزارت حج و عمرہ اور ضیوف الرحمان خدمت پروگرام کا تعاون شامل ہے۔اجلاس کے شرکا نے ایجنڈے کے مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا جن میں، عمرہ فورم، سیرت النبی ﷺ تاریخی حقائق میں مدینہ منورہ میں حج اور حرمین شریفین کی تاریخ کے حوالے سے مستقل بنیادوں پر میوزیم کا قیام شامل تھا۔

(جاری ہے)

شرکا نے حج و حرمین شریفین کی تاریخ کے حوالے سے فورم اور نمائش کے بارے میں کی جانے والی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔کمیٹی کے اراکین میں تاریخ اور اسلامی علوم کے ماہرین جن میں امام و خطیب مسجد الحرام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید، رابطہ عالمی اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی، وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، شاہ عبدالعزیز فانڈیشن کے شعبہ نشر و اشاعت کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فہد السماری، شاہ سعود یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ اسلام کے ٹاکٹر خالد البکر، انس بن صالح صیرفی، ضیوف الرحمان پروگرام کے سی آی او انجینئرمحمد ابو الخیر اسماعیل اور ڈاکٹر فہد الوھبی شامل ہیں۔