برطانیہ ،ایک آئی فون نے چوری شدہ فونز اسمگل کرنے والے گینگ تک پہنچا دیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:44

برطانیہ ،ایک آئی فون نے چوری شدہ فونز اسمگل کرنے والے گینگ تک پہنچا ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) چوری شدہ موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کے خلاف برطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کیا گیا جس میں 18 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے برطانیہ سے چوری شدہ موبائل فونز چین اسمگل کرنے والا انٹرنیشنل گینگ پکڑ لیا۔ اس انٹرنیشنل گینگ پر گزشتہ برس 40 ہزار فون چین اسمگل کرنے کا شبہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے 28 مقامات پر چھاپے مار کر 2 ہزار سے زائد چوری شدہ موبائل فونز برآمد کرلیے۔پولیس کا خیال ہے کہ گینگ لندن سے چوری ہونے والے نصف سے زائد فون چین بھیجنے کا ذمہ دار ہو سکتا ہے۔تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب ایک شخص نے کرسمس کے موقع پر اپنا چوری شدہ آئی فون ہیتھرو ائیرپورٹ کے قریب ایک گودام میں ٹریس کیا۔

(جاری ہے)

پولیس نیچھاپہ مارا توموبائل ایسے ڈبے سے ملا جس میں مزید 894 چوری شدہ فون موجود تھے۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ موبائل فونز ہانگ کانگ بھیجے جا رہے تھے۔پولیس نے کارروائی کے دوران 2 افغان اور ایک بھارتی شہری کو بھی گرفتار کیا جن کی گاڑی اور گھروں سے 2 ہزار سے زائد موبائل فونز برآمد ہوئے۔برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ 4 سالوں میں لندن میں موبائل فونز چوری کے واقعات تقریبا تین گنا بڑھ گئے۔سنہ 2020 میں 28 ہزار 609 فون چوری ہوئے تھے جبکہ 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر 80 ہزار 588 تک جا پہنچی۔

رپورٹ کے مطابق ہر سال 2 کروڑ سے زائد افراد لندن آتے ہیں اور ویسٹ اینڈ اور ویسٹ منسٹر جیسے سیاحتی مقامات کا دورہ کرتے ہیں جہاں پر موبائل فون چھیننے اور چوری کی وارداتیں عام ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ برطانیہ اور بیرون ملک استعمال شدہ فونز کی بڑھتی ہوئی مانگ چوریوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔