بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے کے خواہاں نہیں ، برطانیہ

ویزا معاہدہ نہیں بھارت سے اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، برطانوی وزیراعظم

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:44

بھارت کے ساتھ  ویزا معاہدے کے خواہاں نہیں ، برطانیہ
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیراعظم سٹارمرنے کہا ہے کہ برطانیہ بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے کا خواہاں نہیں ہے، وہ اس سال کے تجارتی معاہدے کے بعد ملک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔سٹارمر نے کہا کہ ویزوں کی وجہ سے تجارتی معاہدہ طے ہونے کی سابقہ کوششیں رک گئی تھیں اور وہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے وقت اس معاملے پر دوبارہ بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ دونوں ممالک میں ایک معاہدہ پہلے ہی طے ہو چکا ہے جس میں ویزے کے کوئی مضمرات نہیں ہیں۔

بھارت روانگی کے وقت ویزوں کے بارے میں سوال پر انہوں نے صحافیوں کو بتایا، یہ معاملہ منصوبوں کا حصہ نہیں ہے۔ یہ دورہ آزاد تجارتی معاہدے سے استفادہ کرنے کے لیے ہے جو ہم پہلے ہی طے کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کاروبار اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ لیکن مسئلہ ویزے کا نہیں ہے۔جیسا کہ سٹارمر کی لیبر پارٹی انتخابات میں پاپولسٹ ریفارم یو کے پارٹی سے پیچھے ہے تو اس معاملے پر عوامی تشویش کے باعث سٹارمر امیگریشن پر زیادہ محدود مقف اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ایچ ون-بی ویزوں پر فیسوں میں اضافے کے بعد بھارت سے ٹیک شعبے کے پیشہ ور افراد کو راغب کرنے کے لئے ویزوں کا معاملہ مذاکرات میں شامل نہیں ہو گا حالانکہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ برطانیہ میں اعلی صلاحیتوں کے حامل لوگ چاہتے ہیں۔کیا ان ممالک سے آنے والوں کے لیے ویزے بند کر دیئے جائیں گے جو غیر ملکی مجرمان یا ملک بدری کے لیے مطلوب لوگوں کو واپس نہیں لے جائیں گے، اس سوال پر سٹارمر نے کہا، یہ بھارت کے ساتھ ایک نان ایشو ہے کیونکہ مجرمان کی حوالگی کا معاہدہ پہلے ہی دونوں ممالک کے درمیان موجود ہے لیکن اس معاملے کو وہ زیادہ وسیع پیمانے پر دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا، ہم دیکھ رہے ہیں کہ کیا ویزا اور حوالگی کے معاہدوں کے درمیان کوئی ربط ہونا چاہیے۔