سرگودھایونیورسٹی میں’’ڈیجیٹل دورمیں میڈیا لٹریسی، آگاہی، اخلاقیات اورعمل ‘‘کے عنوان سے تربیتی ورکشاپ

پیر 29 ستمبر 2025 16:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) سرگودھایونیورسٹی میں ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سینٹر کے زیرِ اہتمام فیکلٹی ممبران کے لئے ’’ڈیجیٹل دور میں میڈیا لٹریسی: آگاہی، اخلاقیات اور عمل‘‘کے عنوان سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد ذمہ دارانہ میڈیا استعمال کو فروغ دینا تھا۔ ورکشاپ کا افتتاح پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان نے بطور مہمانِ خصوصی کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں میڈیا عوامی رائے سازی پر گہرا اثر ڈال رہا ہے تاہم پولرائزیشن اور غلط معلومات جیسے چیلنجز بھی درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ تنقیدی سوچ کو فروغ دینا، مختلف معلوماتی ذرائع کو اپنانا اور معلومات کی تصدیق کو معمول بنانا ان مسائل کے حل کے لئے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں پنجاب یونیورسٹی کے ڈیجیٹل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر سویرا مجیب شامی نے میڈیا لٹریسی کی بنیاد، اقدار اور چیلنجز پر جامع لیکچر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے ارتقا نے خبر رسانی، ترسیل اور کھپت کے انداز بدل دیئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائرل مواد، غلط معلومات کے بہاؤ، سنسرشپ کے رجحانات اور اخلاقی تقاضوں کو سمجھنا موجودہ میڈیا نظام کا درست تجزیہ کرنے کے لئے ضروری ہے۔چیئرمین شعبہ ابلاغیات پروفیسر ڈاکٹر مدثر حسین شاہ نے کہا کہ پلیٹ فارم مخصوص حرکیات، اخلاقی معیارات اور مواد کے تنقیدی تجزیے کو سمجھنا سنسنی خیزی جیسی پیچیدگیوں سے نمٹنے کے لئے ناگزیر ہے۔

ڈائریکٹر ایچ آر ڈی سی امجد حسین جنجوعہ نے کہا کہ اساتذہ اور عملے کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ایک باشعور اور ذمہ دار معاشرے کے قیام کے لئے ضروری ہے۔ورکشاپ کے شرکا نے پاکستان میں میڈیا کے بدلتے ہوئے کردار اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملیوں پر خیال کیا۔