لاہور ہائی کورٹ کا غیر رجسٹرڈ سمز کی فوری بندش، فروخت پر کارروائی کا حکم

پیر 29 ستمبر 2025 17:29

لاہور ہائی کورٹ کا غیر رجسٹرڈ سمز کی فوری بندش، فروخت پر کارروائی کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے غیر رجسٹرڈ سمز کی فروخت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر ایسی تمام سمز بند کرنے اور جعلی موبائل اکائونٹس بنا کر سادہ لوح افراد سے رقم بٹورنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔یہ احکامات جسٹس علی ضیا باجوہ نے غیر رجسٹرڈ سمز فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران جاری کیے۔

عدالت عالیہ میں پی ٹی اے کے وکیل نے آگاہ کیا کہ گرفتار ملزم سے 773غیر رجسٹرڈ سمز برآمد ہوئیں۔جسٹس علی ضیاء باجوہ نے دورانِ سماعت ریمارکس دیئے کہ غیر تصدیق شدہ سمز کی فروخت نے ملک میں تباہی مچا دی ہے، یہ ایک نہایت سنجیدہ معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے پی ٹی اے سے ملک بھر میں زیرِ استعمال غیر رجسٹرڈ سمز کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔عدالت نے قرار دیاکہ جعلی موبائل اکائونٹس بناکر کروڑوں روپے تاوان وصول کیا جاتا ہے کیا اتنا آسان ہوچکا ہے کہ کسی کے نام کا بھی جعلی موبائل اکائوئنٹ بنالیا جائے ۔

اس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بینک اکائونٹ بنانا تو مشکل ہے لیکن موبائل اکائونٹ کے لیے شرائط سخت نہ ہونے کی وجہ سے جعلسازی میں آسانی پیدا ہو گئی ہے۔عدالت عالیہ نے 6 اکتوبر کو ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور پی ٹی اے کے سینئر افسر کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ اس سنگین مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔