چوہدری شافع حسین کا چینی قونصلیٹ کا دورہ، چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے ملاقات

پیر 29 ستمبر 2025 19:02

چوہدری شافع حسین کا چینی قونصلیٹ کا دورہ، چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ جہاں چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے ملاقات کی۔اس موقع پرچینی کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی امور پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں چین کے سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے،چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

وی وو موبائل کمپنی کا فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں موبائل مینو فیکچرنگ کا کارخانہ لگ رہا ہے،چین کی ایک کمپنی پنجاب میں لیتھیئم بیٹریاں بنانے کا کارخانہ لگا رہی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت پیٹ فوڈ تیار کرنے کا ایک بھی کارخانہ موجود نہیں ہے،پنجاب میں پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے چینی کمپنیاں پنجاب میں پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں،ہرممکن سہولت دیں گے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹ میں سیکورٹی وال 15روزمیں مکمل ہو جائے گی اور یہاں کمیونٹی سینٹر بھی بن رہا ہے، انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار گروپ نے پنجاب میں آرگینک کھاد بنانے کا کارخانہ لگائے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔پنجاب میں چینی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے پاکستان اور چین کے تجارتی مراسم بڑھ رہے ہیں۔

چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کے باعث چین کی کمپنیاں پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں،چین کی کمپنیوں کو پنجاب میں پیٹ فوڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔چینی قونصل نے کہاکہ چائنیز قونصلیٹ کی ٹیم فیڈمک اور قائد اعظم بزنس پارک کا دورہ کرے گی۔ ملاقات میں چائنیز قونصلیٹ کے حکام بھی موجود تھے۔