گورنر سندھ سے ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ملاقات

ان لینڈ ریونیو سروس کی ملکی معیشت میں " ریڑھ کی ہڈی" کی حیثیت ہے ،کامران خان ٹیسوری

پیر 29 ستمبر 2025 17:30

گورنر سندھ سے ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ملاقات
ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ان لینڈ ریونیو سروسز اکیڈمی میں زیر تربیت 51ویں خصوصی کورس کے پروبیشنری افسران نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ملکی معیشت، ٹیکس نظام کی بہتری، محصولات کی مؤثر وصولی اور عوامی اعتماد کی بحالی جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش سب سے بڑا مالیاتی چیلنج ناقص ٹیکس کلیکشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ اور شفاف ٹیکس نظام کے بغیر ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ لاکھوں اور کروڑوں کمانے والے افراد اپنی آمدنی کے مطابق ٹیکس ادا نہیں کرتے، جبکہ تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ بوجھ اٹھاتا ہے۔

(جاری ہے)

کامران خان ٹیسوری نے ان لینڈ ریونیو سروس کو ملکی معیشت کی "ریڑھ کی ہڈی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان افسران کی دیانتداری، تربیت اور قابلیت ہی ٹیکس نظام کی مضبوط بنیاد بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس افسران کو عوام کے قریب ہونا چاہیے تاکہ عام شہری کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔ گورنر سندھ نے نوجوانوں کی ترقی کے لئے جاری اقدامات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ گورنر ہاؤس میں جدید آئی ٹی کورسز کا انعقاد جاری ہے۔

انہوں نے "گورنر انیشیٹیوز" کے تحت شروع کیے گئے اقدامات، جیسے "امید کی گھنٹی" کے ذریعے عوامی شکایات کا ازالہ، طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اور مستحق خاندانوں میں راشن کی فراہمی کو سماجی بہبود کے اہم ستون قرار دیا۔ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مضبوط اور شفاف نظام کے قیام کے لیے قومی سطح پر ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے، تب ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔