محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون کی پہلی وارننگ جاری کردی

پیر 29 ستمبر 2025 18:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء) خلیج کیمبی(بھارت)کے اوپر ہوا کا انتہائی کم دبا ؤبننے کے بعد محکمہ موسمیات نے سائیکلون کا پہلا الرٹ جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق ویل مارک ایریا خلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ بھارت گجرات کے قریب ہے، کم دباؤ کا شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ہوا کا کم دباؤ یکم اکتوبر کو شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بھارتی علاقے سوراشٹرا پہنچ سکتا ہے، شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرنے کے بعد سمندری سرگرمی شدت کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہونے کی پیشگوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اس سسٹم کی نگرانی کی جا رہی ہے، سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان بحیرہ عرب کی طرف بڑھ رہا ہے، یہ سسٹم بھارتی گجرات سے آگے بڑھتے ہوئے بحیرہ عرب میں داخل ہوگا اور اس کے اثرات جنوب مشرقی سندھ، زیریں سندھ اور کراچی سمیت ساحلی علاقوں پر بھی پڑیں گے۔