آئی سی سی آئی تاجروں اور صنعتکاروں کی مضبوط آواز کے طور پر کام جاری رکھتے ہوئے معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا، سردار طاہر محمود

پیر 29 ستمبر 2025 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت میں کاروباری آسانیوں کے فروغ کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فعال وکالت کا کردار ادا کرتا رہے گا، آئی سی سی آئی تاجروں اور صنعتکاروں کی مضبوط آواز کے طور پر کام جاری رکھتے ہوئے معاشی ترقی کو یقینی بنائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں ایک کیش اینڈ کیری کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی سی سی آئی کی حالیہ کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی تاجر برادری اور اسلام آباد کے رہائشیوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو غیر منقولہ جائیدادوں کی انکم ٹیکس گوشواروں میں فیئر مارکیٹ ویلیو اور کرنٹ مارکیٹ ویلیو کے اندراج کی شرط کو واپس لینے پر آمادہ کرنے میں آئی سی سی آئی کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔قبل ازیں صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، آئی سی سی آئی کے سابق صدور زبیر احمد ملک، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، میاں اکرم فرید، خالد اقبال ملک، ایگزیکٹو ممبران میاں شوکت مسعود، چوہدری کلیم اللہ، ذوالقرنین عباسی، راجہ نوید ستی، آفتاب گجر، چیئرمین پی سی سی، وائس چیئرمین ظاہر اقبال خان اور دیگر معززین نے بھی فیتہ کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔