اسلامی یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لاء کے زیر اہتمام مسابقتی قوانین پر سیمینار کا انعقاد

پیر 29 ستمبر 2025 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لاء کے اشتراک سے ’’مسابقتی قوانین اور بدلتے ہوئے معاشی و ڈیجیٹل منظرنامے‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا آغاز ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر ایچ غفران کے استقبالیہ نوٹ سے ہوا۔

انہوں نے مسابقتی قوانین کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ قوانین معاشروں اور صنعتوں کو منصفانہ، صحت مند اور مسابقتی ماحول میں کام کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی سیکرٹری و ہیڈ آف ایڈووکیسی مریم پرویز نے قومی و بین الاقوامی سطح پر کارٹل کے غیر قانونی کردار پر تفصیلی پریذنٹیشن دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کارٹلز کس طرح صارفین اور صنعتوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور سی سی پی ان کے خلاف کیا اقدامات کرتا ہے۔

سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر ملیحہ قدوس نے کارٹلز کی تجارتی زیادتیوں پر روشنی ڈالی اور کمیشن کے انسدادی اقدامات بیان کیے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرجرز اینڈ ایکوزیشنز نعمان احمد نے کمپنیوں کے انضمام، خرید و فروخت اور دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے سی سی پی کے کردار پر بریفنگ دی۔ ڈین فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لاء و ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقات اسلامی ڈاکٹر محمد ضیاء الحق نے تمام شرکاء، طلبہ، ڈی ایس اے حکام اور سی سی پی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سی سی پی کے رکن سلمان امین کی خصوصی شرکت کو سراہا۔آخر میں سلمان امین نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کمیشن کی سرگرمیوں اور قانون کے طلبہ کے لیے دستیاب مواقع پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر سلمان امین نے ڈاکٹر ضیاء الحق اور ڈاکٹر ایچ غفران کو یادگاری شیلڈز پیش کیں جبکہ ڈی ایس اے اور فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لاء نے سی سی پی کی ٹیم کو بھی شیلڈز پیش کیں۔